پاکستان نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے داعش خراسان سے وابستہ خطرناک دہشت گرد، ترجمان اور میڈیا ونگ کے بانی سلطان عزیز عزام کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے انجام دی۔
اقوام متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق سلطان عزیز عزام داعش خراسان کی میڈیا سرگرمیوں میں مرکزی کردار ادا کرتا رہا اور تنظیم کے پراپیگنڈا نیٹ ورک کا اہم ستون تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ العزام فاؤنڈیشن، جو سلطان عزیز عزام سے منسلک تھی، داعش خراسان کی بھرتیوں اور نظریاتی تشہیر کا اہم ذریعہ سمجھی جاتی تھی۔
سلطان عزیز عزام کی گرفتاری کے بعد داعش خراسان کی میڈیا اور پراپیگنڈا سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں اور کئی پلیٹ فارمز غیر فعال ہو گئے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی اس کارروائی سے نہ صرف تنظیم کا ڈھانچہ عالمی سطح پر کمزور ہوا بلکہ متعدد ممکنہ دہشت گرد حملوں کے منصوبے بھی ناکام بنا دیے گئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ کارروائیوں کے نتیجے میں داعش خراسان کے کئی اہم کمانڈرز اور نظریاتی رہنما ہلاک ہوئے، جبکہ تنظیم کے جنگجوؤں کی مجموعی تعداد میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت خطے اور عالمی سلامتی کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔





