اوکاڑہ ( محمد مظہررشید چودھری )
اوکاڑہ میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فواد احمد افتخار نے کالم نگار/جرنلسٹ محمد مظہر رشید چودھری سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت شروع کیا گیا کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر اینڈ ویلیج ہیلتھ انسپکٹر پروگرام بنیادی سطح پر صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تربیت مکمل کرنے کے بعد کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز اینڈرائیڈ ٹیبلیٹس کے ذریعے گھر گھر جا کر صحت سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کریں گی، جس میں ذیابیطس، ہیپاٹائٹس، حاملہ خواتین، دو سال اور پانچ سال سے کم عمر بچوں سمیت دیگر بیماریوں کی معلومات شامل ہوں گی، جس سے حکومت کو پالیسی سازی اور بروقت طبی مداخلت میں مدد ملے گی۔ڈاکٹر فواد احمد افتخار نے مزید بتایا کہ ضلع اوکاڑہ میں ساڑھے تین سو کے قریب کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کی اسامیاں مختص کی گئیں، جن میں سے تین سو کے قریب بھرتی مکمل ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان انسپکٹرز کو نیوٹریشن، فیملی پلاننگ، ای پی آئی اور دیگر بنیادی صحت پروگرامز سے متعلق دو ہفتے کی جامع تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ فیلڈ میں موثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔اس سے قبل ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اوکاڑہ اور پی ایچ سی گلوبل کے زیرِ اہتمام کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کی دو ہفتے پر مشتمل تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوئی۔ اختتامی سیشن سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فواد احمد افتخار نے خطاب کیا اور زیرِ تربیت عملے کو عوامی خدمت، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ دیانت داری کو مقدم رکھنے کی ہدایت کی۔ورکشاپ کے دوران ڈسٹرکٹ فوکل پرسن پی ایچ سی گلوبل اریج افضل نے تربیتی امور کی نگرانی کی اور شرکاءکو فیلڈ ورک، ڈیٹا کلیکشن اور رپورٹنگ کے عملی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ اختتام پر انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اوکاڑہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ سی گلوبل محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے ساتھ مل کر صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا
