جون 21, 2026

پولیس لائنز منڈی بہاءالدین میں فری میڈیکل کیمپ، 415 اہلکاروں کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ

منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاءالدین سید عبدالرحیم شیرازی کے خصوصی اقدام اور سرپرستی میں پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور صحت کے تحفظ کے لیے پولیس لائنز منڈی بہاءالدین میں ایک جامع فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

یہ فلاحی سرگرمی پاکستان پبلک ہیلپ فاؤنڈیشن، ادراک سینٹر اور ڈاکٹر انسٹیٹیوٹ علوی ہسپتال کے باہمی تعاون سے ممکن بنائی گئی۔ کیمپ کے دوران علوی ہسپتال کی ماہر طبی ٹیم نے 415 سے زائد پولیس اہلکاروں کی ہیپاٹائٹس بی اور سی کی مفت اسکریننگ کی اور انہیں ضروری طبی مشورے فراہم کیے۔

کیمپ میں ذہنی صحت کے حوالے سے بھی خصوصی سیشن رکھا گیا، جہاں ادراک سینٹر کے تعاون سے معروف ماہرِ نفسیات ڈاکٹر وحید رازق نے پولیس فورس کو دورانِ ڈیوٹی درپیش ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مسائل سے نمٹنے کے حوالے سے تفصیلی اور مؤثر لیکچر دیا۔ انہوں نے ذہنی تناؤ کم کرنے اور خود نگہداشت (Self-care) کی اہمیت پر عملی رہنمائی بھی فراہم کی۔

ڈی پی او منڈی بہاءالدین سید عبدالرحیم شیرازی نے اس موقع پر پاکستان پبلک ہیلپ فاؤنڈیشن، ادراک سینٹر اور علوی ہسپتال کی انتظامیہ کے انسانی ہمدردی پر مبنی اس اقدام اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی صحت اور فلاح اولین ترجیح ہے۔