پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر نامزد ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے احکامات پر مختلف مقامات پر طلبی کے نوٹسز چسپاں کر دیے گئے ہیں جبکہ جوڈیشل کمپلیکس میں بھی مختلف جگہوں پر نوٹسز آویزاں کیے گئے ہیں۔
عدالتی احکامات کے مطابق سہیل آفریدی، مینا خان، امجد خان، شفیع اللہ جان اور امجد آفریدی کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے سیکشن 87 کے تحت جاری حکم نامے کی روشنی میں یہ نوٹسز جاری کیے ہیں۔
نوٹسز میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کر رہے یا روپوش ہیں۔ عدالت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سہیل آفریدی، شفیع اللہ اور دیگر نامزد ملزمان فوری طور پر عدالت میں پیش ہوں۔
عدالتی نوٹسز میں واضح کیا گیا ہے کہ ملزمان کو پیشی کے لیے یہ آخری موقع دیا جا رہا ہے، بصورتِ دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






