ڈیزل سستا، کرایے بھی کم ہوں گے، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی سخت ہدایات

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے مطابق کرایوں کی فہرستیں جاری کی جائیں۔

صوبائی وزیر نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ ان ٹیموں کو زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا اختیار دیا گیا ہے۔

بلال اکبر خان نے واضح کیا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں سے نہ صرف سختی سے نمٹا جائے بلکہ اضافی وصول کی گئی رقم مسافروں کو واپس بھی کرائی جائے۔ متعلقہ حکام کو کرایوں میں کمی سے متعلق باقاعدہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی

Exit mobile version