وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بے گھر صنعتی ورکرز کے لیے نئے تعمیر شدہ 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی کر دی۔ وزیراعلیٰ نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا باضابطہ آغاز کیا اور کامیاب صنعتی کارکنوں کو مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر قرعہ اندازی کے بعد 720 صنعتی ورکرز اپنے بنے بنائے گھروں کے مالک بن جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بیواؤں اور اسپیشل افراد کو قرعہ اندازی سے الگ رکھ کر فلیٹس الاٹ کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت دی کہ صنعتی ورکرز کے لیے 1872 مزید فلیٹس آئندہ 18 ماہ میں مکمل کیے جائیں۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے شیخوپورہ کے قائداعظم بزنس پارک میں 700 صنعتی ورکرز کے لیے بیچلر ہاسٹل کی 3 ماہ میں تکمیل کی بھی ہدایت جاری کی۔
اسپیشل صنعتی ورکرز کی سہولت کے پیش نظر وزیراعلیٰ نے انہیں گراؤنڈ فلور پر فلیٹس دینے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے صنعتی ورکر ندیم طاہر کو خود فون کر کے مبارکباد دی اور کہا کہ اپنے والدین کو ساتھ رکھیں، کیونکہ ان کی دعاؤں سے آپ کو فلیٹ ملا ہے۔
