منڈی بہاءالدین: ٹیچر لیاقت علی کے گھر پولیس ریڈ سے متعلق اصل حقائق، ترجمان پولیس کی وضاحت

منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور)
پولیس ترجمان کے مطابق مورخہ 15/16 دسمبر 2025 کی درمیانی شب ایک شخص کی جانب سے ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ اس کے بیٹے کے ساتھ تین افراد عابد، عرفان اور عبداللہ ولد ماسٹر لیاقت علی نے بدفعلی کی ہے اور واقعہ کی ویڈیو بھی بنائی گئی ہے۔

اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سٹی مبشر احمد لک فوری طور پر موقع پر پہنچے اور قانونی کارروائی کا آغاز کیا۔ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے عبداللہ کے گھر ریڈ کیا گیا، جو کہ اسکول ٹیچر لیاقت علی (ایم بی ہائی اسکول منڈی بہاءالدین میں تعینات) کی رہائش گاہ ہے۔

بعد ازاں مدعی مقدمہ نے اپنی تحریری درخواست میں ترمیم کرتے ہوئے وضاحت کی کہ عبداللہ ولد لیاقت علی کا نام غلط فہمی کی بنا پر شامل ہو گیا تھا۔

مدعی کی فراہم کردہ درخواست پر پولیس تھانہ سٹی نے مقدمہ نمبر 826 مورخہ 15 دسمبر 2025 بجرم 375-A اور 292 تعزیراتِ پاکستان درج کرتے ہوئے اصل نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق آج صبح اسکول ٹیچر لیاقت علی کی جانب سے مبینہ طور پر اسکول کے طلبہ کو ساتھ ملا کر احتجاج کیا گیا اور مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے ان کے گھر غلط ریڈ کیا ہے۔

ترجمان پولیس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کارروائی مدعی کی ابتدائی اطلاع اور پہلی تحریری درخواست کی بنیاد پر، مکمل قانونی تقاضوں کے مطابق کی گئی اور اس میں کسی قسم کی بدنیتی شامل نہیں تھی۔

Exit mobile version