نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں پی ایس ایل کے رنگ بکھر گئے، ٹرافی نمائش پر فینز کی بڑی تعداد موجود

دنیا کے معروف شہر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے رنگ بکھر گئے، جہاں شدید سردی کے باوجود فینز کی بڑی تعداد پی ایس ایل ٹرافی کی نمائش دیکھنے کے لیے پہنچ گئی۔ ٹرافی کو خصوصی بس کے ذریعے ٹائمز اسکوائر لایا گیا، جس نے تقریب کو مزید منفرد بنا دیا۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی، پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کے علاوہ قومی ٹیم کے کھلاڑی شان مسعود، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، صائم ایوب، سعود شکیل اور ابرار احمد بھی موجود تھے۔ شائقینِ کرکٹ نے کھلاڑیوں اور چیئرمین پی سی بی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

فینز کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پی ایس ایل کی تشہیر خوش آئند ہے اور اس طرح کے ایونٹس سے پاکستان کرکٹ کا مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے۔ ٹائمز اسکوائر میں پی ایس ایل ٹرافی کی نمائش نے غیر ملکی شائقین کی بھی توجہ حاصل کی۔

واضح رہے کہ لندن میں غیر معمولی پذیرائی کے بعد دنیا کے سب سے بڑے معاشی شہر نیویارک میں تاریخ میں پہلی بار پی ایس ایل روڈ شو کا انعقاد کیا گیا ہے، جسے شائقین کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔

Exit mobile version