امریکی ریاست کیلیفورنیا میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے لاس اینجلس اور اورنج کاؤنٹی میں امیگریشن ایجنٹس، سرکاری گاڑیوں سمیت متعدد اہداف کو بم حملوں کا نشانہ بنانے کی سازش ناکام بنا دی۔
ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان لاس اینجلس میں سالِ نو کی تقریبات کے دوران دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
حکام نے بتایا کہ مشتبہ افراد کا ارادہ لاس اینجلس میں سال نو کے موقع پر دو امریکی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ پانچ مختلف مقامات پر دھماکا خیز مواد نصب کرنے کا تھا۔ بروقت انٹیلی جنس اور کارروائی کے باعث ممکنہ بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا لیا گیا۔
ایف بی آئی کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ سیکیورٹی اداروں نے حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔





