اسرائیل کے خلاف مزاحمت تمام فلسطینی عوام کی خواہش ہے، حماس رہنما اسامہ حمدان

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سینئر رہنما اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت تمام فلسطینی عوام کی مشترکہ خواہش ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسامہ حمدان نے اپنے بیان میں کہا کہ قابض اسرائیلی حکومت تمام فلسطینیوں کی دشمن ہے اور حماس کے اندر اختلافات سے متعلق من گھڑت باتوں کے پیچھے بھی اسرائیل کا ہاتھ ہے۔

اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ آئندہ مرحلے میں دنیا حماس کا ایک مضبوط اور منظم انتظامی ڈھانچہ دیکھے گی، جبکہ اسرائیلی جرائم کو مزاحمت کے ساتھ جوڑنا دراصل غاصبانہ قبضے کو جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے بتایا کہ غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 400 سے زائد فلسطینی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیل غزہ پٹی میں امداد کی فراہمی اور انفرااسٹرکچر کی بحالی میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔

حماس کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں پر حماس کو بھرپور ردعمل دینے کا مکمل حق حاصل ہے، اور اگر غزہ میں جنگ بندی ختم ہوتی ہے تو یہ بین الاقوامی ضمانتوں کی ناکامی تصور کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کے معاملے پر حماس ثالثی کردار ادا کرنے والے ممالک قطر، ترکیے اور مصر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے

Exit mobile version