بھارت میں مسلم خواتین کے حجاب پر قدغنیں، بہار میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے کا واقعہ

نریندر مودی کے دورِ حکومت میں بھارت میں مسلم خواتین کے لیے حجاب اور نقاب پہننا مسلسل مشکل بنایا جا رہا ہے۔ مسلم دشمنی اور تنگ نظری کا تازہ واقعہ بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں پیش آیا، جہاں بی جے پی کے اتحادی اور وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار نے ایک سرکاری تقریب کے دوران مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزارتِ آیوش کی جانب سے آیوش ڈاکٹروں کو ملازمت کے تقرر نامے دینے کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی تھی، جس میں وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار ڈاکٹروں کو اپائنٹمنٹ لیٹرز تقسیم کر رہے تھے۔ اسی دوران جب مسلمان خاتون ڈاکٹر نصرت پروین کی باری آئی، جو مکمل برقعہ اور نقاب میں ملبوس تھیں، تو نتیش کمار نے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ یہ کیا ہے، اور ان کا نقاب کھینچ دیا۔

واقعے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چوہدری نے نتیش کمار کو روکنے کی کوشش بھی کی، تاہم یہ منظر کیمرے کی آنکھ سے محفوظ ہو گیا۔ مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید ردِعمل سامنے آیا ہے اور اپوزیشن جماعتوں سمیت سوشل میڈیا صارفین نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتا دل نے واقعے پر سخت تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا نتیش کمار کی ذہنی حالت مکمل طور پر خراب ہو چکی ہے۔ کانگریس نے بھی اس اقدام کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب ریاست کے اعلیٰ ترین عہدے پر بیٹھا شخص ایسی حرکت کرے تو خواتین کے تحفظ کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ کانگریس نے نتیش کمار سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Exit mobile version