مسافروں کی آف لوڈنگ پر وزیراعظم کا نوٹس، محفوظ مائیگریشن کے لیے خصوصی کمیٹی قائم

وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں دستاویزات مکمل ہونے کے باوجود بعض مسافروں کو آف لوڈ کیے جانے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس کا وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ادارے آئی او ایم (IOM) کی جانب سے مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے مسافروں کو آف لوڈ کرنے اور نقل مکانی کے دوران درپیش مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائم کی گئی کمیٹی محفوظ مائیگریشن سے متعلق معاملات کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے عملی سفارشات تیار کرے گی۔

چوہدری سالک حسین کے مطابق کمیٹی کا اہم اجلاس اسی ہفتے متوقع ہے، جبکہ جنوری کے آخری ہفتے تک مسافروں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے تجاویز مرتب کر لی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بعض مسافروں کو ویزہ ہونے کے باوجود آف لوڈ کیا گیا، جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی او ایم کی پاکستان میں چیف آف مشن سیو میتو نے کہا کہ ہجرت انسانوں، امکانات اور ترقی کی ایک کہانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب نوجوانوں کو درست معلومات، اخلاقی راستے اور ہنر پر مبنی مواقع میسر آتے ہیں تو وہ محفوظ اور قانونی راستوں کے ذریعے نقل مکانی کے لیے بااختیار ہو جاتے ہیں۔

Exit mobile version