ڈاکٹر وردہ اغوا و قتل کیس میں بڑی پیش رفت، ماسٹر مائنڈ ردا کے شوہر سے سونا اور آلہ قتل برآمد

ڈاکٹر وردہ کے اغوا اور قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے ملزمہ ردا کے شوہر وحید بلا کے قبضے سے سونا برآمد کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق وحید بلا کو کیس کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے قبضے سے اہم شواہد حاصل کیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے سونے کی 10 رسیدیں بھی برآمد ہوئی ہیں، جبکہ ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل رسی بھی برآمد کر لی گئی ہے، جس سے ڈاکٹر وردہ کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ 23 لاکھ روپے مالیت کے چیک بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

تحقیقات کے مطابق ڈاکٹر وردہ نے اپنی قریبی دوست ردا کے پاس 67 تولہ سونا امانتاً رکھوایا تھا۔ ملزمہ ردا سونا واپس کرنے کا بہانہ بنا کر ڈاکٹر وردہ کو اپنے ساتھ لے گئی، جہاں واردات کو انجام دیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر وردہ کو 4 دسمبر کو اسپتال کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا، جبکہ چار دن بعد ان کی لاش لڑی بنوٹا کے مقام سے برآمد ہوئی تھی۔ اس کیس میں ملزمہ ردا، اس کے شوہر وحید، ندیم اور پرویز کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

گرفتار ملزمان کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزمہ ردا اور اس کے شوہر وحید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

Exit mobile version