جون 17, 2026

ڈنگہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام پر عملدرآمد ناکام، شہر بھر میں صفائی کا شدید بحران ، شہری شدید پریشان

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت ڈنگہ شہر میں صفائی کا عمل مکمل طور پر ناکام نظر آ رہا ہے۔ صفائی عملہ صرف چند سڑکوں سے کوڑا اٹھانے تک محدود ہے، جبکہ شہر کے 15 سے زائد محلوں میں گلیوں اور نالیوں کی صفائی سے مکمل لا تعلقی اختیار کی گئی ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں کوڑے کے ڈھیر لگ چکے ہیں اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

شہریوں کے مطابق محلہ طاہر آباد، محلہ مدینہ کالونی، محلہ حاجی پورہ، محلہ غوثیہ مہریہ، محلہ چوہاناں والا، لنک کھاریاں روڈ، محلہ کشمیریاں، محلہ آرام باغ، محلہ شاہ تکیہ سمیت شہر کے مرکزی بازاروں میں صفائی نہ ہونے کے باعث شدید بدبو اور گندگی پھیلی ہوئی ہے، جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم پی اے کے مطالبے پر سابق مینجر آر آر کمپنی شاہد خان نے اتوار کے روز بازار میں صفائی کروائی تھی، تاہم ان کے تبادلے کے بعد صفائی عملے نے مکمل طور پر لاپرواہی اختیار کر لی ہے اور شہر میں صفائی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی تاحال فعال نہیں کی جا سکی، جس کے باعث ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور چیف آفیسر بلدیہ کے پاس آر آر کمپنی اور اتھارٹی کی نگرانی کا کوئی واضح اختیار موجود نہیں، جس کا خمیازہ شہری بھگت رہے ہیں۔ شہریوں نے فوری نوٹس لے کر شہر بھر میں صفائی کا مؤثر نظام بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔