جون 17, 2026

تھانہ ککرالی کے گاؤں بزرگوال میں گھریلو ناچاقی کا ہولناک شاخسانہ؛ فائرنگ سے بھائی، بھابھی اور پھوپھا قتل

کھاریاں ( طاہر اقبال سے)  تھانہ ککرالی کے حدود میں واقع گاؤں بزرگوال میں گھریلو ناچاقی کے باعث فائرنگ کا انتہائی افسوسناک اور ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنے ہی سگے بھائی، بھابھی اور پھوپھا کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تہرے قتل کی اس لرزہ خیز واردات کے بعد پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس اور سوگ کی فضا پھیل گئی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتولین کی شناخت قاضی سفیان ارشد (ولد قاضی محمد ارشد)، ان کی اہلیہ رمشہ طارق، اور پھوپھا محمد منور (سکنہ متہ) کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول قاضی سفیان ارشد کی تقریباً دو سال قبل روپیری کی رہائشی ایک اسکول ٹیچر سے شادی ہوئی تھی اور ان کا ایک معصوم بچہ بھی ہے۔ گھریلو ناچاقی اور تلخ کلامی کے بعد پیش آنے والے اس خونی واقعے میں مبینہ طور پر قاضی سفیان کے سگے بھائی قاضی نعمان ارشد کا نام سامنے آیا ہے، جس نے طیش میں آ کر فائرنگ کی اور تینوں افراد کو موقع پر ہی قتل کر دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ککرالی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مبینہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق تفصیلی حقائق اور قتل کی اصل وجہ مکمل تحقیقات اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ہی باقاعدہ طور پر سامنے لائی جائے گی۔