آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز سیریز کے تیسرے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق حکام نے ایڈیلیڈ اوول کے باہر اضافی سیکیورٹی انتظامات کی تصدیق کر دی ہے۔
ساؤتھ آسٹریلیا پولیس کمشنر گرانٹ اسٹیونز نے بتایا کہ سیکیورٹی رسپانس سیکشن کو تعینات کیا جا رہا ہے، جس میں اعلیٰ تربیت یافتہ پولیس افسران شامل ہوتے ہیں اور انہیں اضافی اسلحہ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رسپانس سیکشن چند برس قبل قائم کیا گیا تھا اور پبلک مقامات پر سیکیورٹی فرائض انجام دیتا ہے۔ اسٹیڈیم کے اطراف رسپانس سیکشن کی تعیناتی کا مقصد شائقین کرکٹ کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ سڈنی کے ساحل پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں اب تک 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات پر نظرِ ثانی کی جا رہی ہے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔
