گجرات (ارشد علی) جماعت اسلامی ضلع گجرات کے قائمقام امیر رانا عمر صدیق نے شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس کے اقدامات پر توجہ دلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل دستاویزات رکھنے والے موٹر سائیکل اور گاڑی سواروں کو ایک ہی سفر میں مختلف مقامات پر بار بار روکا جاتا ہے اور ان کے کاغذات کی تلاشی لی جاتی ہے، جس سے شہریوں کا وقت ضائع ہوتا ہے اور سڑکوں پر غیر ضروری رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔
رانا عمر صدیق نے پنجاب حکومت اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک مؤثر طریقہ کار یا ڈیجیٹل نظام اپنائیں، جس کے تحت ایک بار چیک ہونے والی گاڑی یا موٹر سائیکل کو دوبارہ تلاشی سے استثنیٰ حاصل ہو، تاکہ شہریوں کا وقت بچایا جا سکے اور غیر ضروری پریشانی سے بچاؤ ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی پاسداری ضروری ہے، مگر شہریوں کی آسانی اور وقت کی بچت کو مقدم رکھنا چاہیے۔ رانا عمر صدیق نے واضح کیا کہ پنجاب اور گجرات کی سڑکیں بارڈر ایریاز نہیں، جس کے سبب ہر جگہ شناختی پریڈ کرانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔
