پنجاب ٹیچرز یونین کی کوششوں سے پرموشن ڈی پی سی کا انعقاد طے

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) پنجاب ٹیچرز یونین ضلع گجرات کے صدر چوہدری طارق سہیل کی مسلسل کاوشوں اور خصوصی دلچسپی کے نتیجے میں سی ای او ایجوکیشن آفیسر گجرات کی جانب سے پرموشن ڈی پی سی کے انعقاد کا باقاعدہ لیٹر جاری کر دیا گیا ہے۔ پرموشن ڈی پی سی 27 دسمبر 2025 کو منعقد کی جائے گی۔

پی ٹی یو گجرات کے مطابق یہ اقدام ضلع بھر کے اساتذہ کے لیے خوش آئند خبر ہے کیونکہ طویل عرصے سے زیر التوا پرموشن کے عمل کو اب عملی شکل دی جا رہی ہے۔ پنجاب ٹیچرز یونین نے تمام اساتذہ سے کہا ہے کہ وہ اپنے مسنگ ڈاکیومنٹس، سروس ریکارڈ اور متعلقہ فائلیں فوری طور پر مکمل کر کے جمع کروائیں تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا رکاوٹ نہ آئے۔

چوہدری اظہر کالس، سینئر نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین مرکز ککرالی نے کہا کہ یونین ہمیشہ اساتذہ کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کرتی رہے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پرموشن ڈی پی سی کے انعقاد سے اساتذہ میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوگا۔

محمد نواز مغل، ضلعی میڈیا سیکریٹری پی ٹی یو، اور راجہ شعیب منشاء، میڈیا ایڈوائزر پنجاب ٹیچرز یونین مرکز ککرالی، نے اس پیش رفت کو یونین کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ اساتذہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے میڈیا کے ذریعے ہر سطح پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔

اساتذہ برادری نے یونین قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے تحت ان کے مسائل حل ہوتے رہیں گے۔

Exit mobile version