یوکرین: روس نے ہفتے کی رات یوکرین پر شدید ہائپر سونک میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن میں فوجی اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں یوکرین میں 10 لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے مطابق روس نے رات کے حملوں میں 450 سے زائد ڈرونز اور 30 میزائل استعمال کیے۔ روسی حملوں سے درجنوں شہری اور صنعتی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
یوکرین کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ روس کی جانب سے پانچ مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آگ بجھانے اور بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔
دوسری جانب روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ یوکرین کی جانب سے روس میں شہری اہداف پر کیے گئے حملوں کے جواب میں کیا گیا۔ وزارت نے بتایا کہ یوکرین کی فوجی اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا اور حملے میں کنزال ہائپرسونک میزائل سمیت دیگر ہتھیار استعمال کیے گئے۔
