سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا ) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرائے عالمگیر میں جدید ڈیجیٹل ایکسرے مشین کی افتتاحی تقریب ، عوام کو جدید اور معیاری تشخیصی سہولیات سرائےعالمگیر دستاب ہونگیں
تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات ڈاکٹر سید عطاء المُنعم، ڈی پی او گجرات عمر فاروق، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کھاریاں و سرائے عالمگیر ڈاکٹر وحید کامران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرائے عالمگیر ڈاکٹر بلال بن طارق نے خصوصی شرکت کی۔
مہمانوں نے جدید ڈیجیٹل ایکسرے مشین کا باقاعدہ افتتاح کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی نئی طبی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ڈیجیٹل ایکسرے ٹیکنالوجی سے مریضوں کو کم وقت میں زیادہ واضح اور درست رپورٹس فراہم کی جا سکیں گی، جس سے تشخیص میں بہتری آئے گی اور علاج کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے اس اقدام کو سرکاری ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
تقریب میں سابق رکن قومی اسمبلی ملک جمیل اعوان، ایم پی اے راجہ محمد اسلم خان، ایم این اے چوہدری محمد الیاس کے علاوہ سرائے عالمگیر اور کھاریاں کی صحافی برادری نے بھی شرکت کی۔ مہمانوں نے حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے عوام کا اعتماد سرکاری نظامِ صحت پر مزید مضبوط ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر بلال بن طارق اور ڈاکٹر وحید کامران نے شہریوں اور صحافی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ بعد ازاں معزز مہمانوں کے اعزاز میں ٹی پارٹی کا اہتمام بھی کیا گیا۔
