مسلم لیگ (ق) کے راہنما اور ایم پی اے پی پی 34 چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے سٹی 53 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈنگہ اور حلقہ پی پی 34 میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور عوامی فلاح کے متعدد منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔
چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ گجرات کے دیگر ارکانِ صوبائی اسمبلی کے ہمراہ چیف سیکرٹری اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ برس ترقیاتی فنڈز سب سے زیادہ حلقہ پی پی 34 کو فراہم کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ٹراما سنٹر ڈنگہ کے کنٹریکٹر کو ہدایت کی جا چکی ہے کہ کام کی رفتار تیز کی جائے اور منصوبہ 31 دسمبر تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈنگہ اور گردونواح میں گردوں کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب سے منظوری لے کر ٹراما سنٹر کی بالائی منزل پر 5 ڈائیلائسز مشینیں نصب کی جا رہی ہیں، جس سے عوام کو علاج کے لیے گجرات جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ایم پی اے پی پی 34 نے بتایا کہ انہوں نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں منگوال اور ڈنگہ کو آبادی کے لحاظ سے بڑے شہر قرار دیتے ہوئے دونوں مقامات پر تحصیل لیول خدمت مراکز قائم کرنے کی تجویز دی ہے، جس کی منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو درخواست بھی دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے جنوری یا فروری کے آغاز میں دونوں شہروں میں خدمت مراکز فعال ہو جائیں گے۔
چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے مزید بتایا کہ میجر محمد اکرم شہید سپورٹس اسٹیڈیم میں صرف فنشنگ کا کام باقی ہے جو فروری 2026 تک مکمل ہو جائے گا، جبکہ مریم نواز تفریحی پارک پر بھی کام تیزی سے جاری ہے جو مئی تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود سوموار کو مریم نواز پارک کا دورہ کر کے کام کا جائزہ لیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ منگوال چوک سے لال قلعہ چوک تک قائد اعظم روڈ کے شدید خراب 200 فٹ حصے کی جلد مرمت کی جائے گی جبکہ باقی سڑک پر دوبارہ کول سپرے کروایا جائے گا تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے
