H-1B ویزا فیس میں اضافے پر ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف 20 امریکی ریاستوں کا وفاقی عدالت میں مقدمہ

امریکا کی 20 ریاستوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے H-1B ویزا پر 100 ہزار ڈالر فیس عائد کرنے کے فیصلے کے خلاف وفاقی عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاستوں کا مؤقف ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی یہ پالیسی غیرقانونی ہے اور اس سے تعلیم، صحت اور دیگر اہم عوامی خدمات بری طرح متاثر ہو سکتی ہیں۔

یہ مقدمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی اس پالیسی کے خلاف دائر کیا گیا ہے جس کے تحت ہنر مند غیر ملکی کارکنوں کے لیے H-1B ویزا درخواستوں کی فیس میں غیرمعمولی اضافہ کیا گیا۔ ریاستوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو اس قدر بھاری فیس عائد کرنے کا اختیار حاصل نہیں اور یہ فیصلہ انتظامی قوانین اور آئینی حدود کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق H-1B ویزا پروگرام میں فیس ہمیشہ صرف انتظامی اخراجات تک محدود رہی ہے۔

ریاستوں نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ اس فیصلے سے تعلیمی اداروں اور صحت کے شعبے میں پہلے سے موجود افرادی قوت کی کمی مزید سنگین ہو جائے گی۔ حالیہ تعلیمی سال کے دوران امریکا کے 74 فیصد اسکولوں کو اساتذہ کی خالی آسامیوں پر تقرری میں مشکلات کا سامنا رہا۔

واضح رہے کہ H-1B ویزا پروگرام امریکی اسپتالوں، جامعات اور سرکاری اسکولوں میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ویزا حاصل کرنے والوں میں اساتذہ تیسرا بڑا پیشہ ور گروپ ہیں، جبکہ صحت کے شعبے میں بھی غیر ملکی ماہرین کا نمایاں کردار ہے۔

نئی پالیسی کے مطابق بھاری فیس کا اطلاق 21 ستمبر 2025ء کے بعد جمع کروائی گئی درخواستوں پر ہوگا، تاہم ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سیکریٹری کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ بعض درخواستوں کو فیس سے مستثنیٰ قرار دے سکتے ہیں۔

اس سے قبل H-1B ویزا کی مجموعی سرکاری فیس 960 ڈالر سے 7 ہزار 595 ڈالر کے درمیان تھی۔ مالی سال 2024ء میں تقریباً 17 ہزار H-1B ویزے طبی اور صحت کے شعبے کے لیے جاری کیے گئے، جن میں سے نصف کے قریب معالجین اور سرجن تھے۔ ماہرین کے مطابق نئی پالیسی کے نتیجے میں امریکا کو 2036ء تک 86 ہزار ڈاکٹروں کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

یہ مقدمہ کیلیفورنیا اور میساچوسٹس کی قیادت میں دائر کیا گیا ہے، جس میں ایریزونا، کولوراڈو، کنیکٹیکٹ، ڈیلاویئر، ہوائی، الینوائے، میری لینڈ، مشی گن، مینیسوٹا، نیواڈا، نارتھ کیرولائنا، نیو جرسی، نیویارک، اوریگن، رہوڈ آئی لینڈ، ورمونٹ، واشنگٹن اور وسکونسن شامل ہیں۔

H-1B ویزا پروگرام امریکا میں ہنر مند غیر ملکی کارکنوں کے لیے ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے، جس کے تحت ہزاروں پیشہ ور افراد ٹیکنالوجی، صحت اور تعلیمی تحقیق کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

Exit mobile version