پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے، جس کے پیش نظر پارٹی قیادت نے اراکین پارلیمنٹ سے مالی تعاون طلب کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی نے اس حوالے سے پارٹی کے تمام اراکین پارلیمنٹ کو باقاعدہ خط ارسال کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پارٹی امور اور سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے ہر پارلیمنٹرین اپنی تنخواہ کا 10 فیصد پارٹی فنڈ میں جمع کروائے گا۔ اس کے علاوہ ہر رکن قومی اسمبلی، سینیٹر اور رکن صوبائی اسمبلی کو ماہانہ 50 ہزار روپے پارٹی فنڈ میں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فردوس شمیم نقوی کے خط کے مطابق پارٹی سرگرمیوں کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز درکار ہیں، اس لیے اراکین اسمبلی سے توقع کی گئی ہے کہ وہ 72 گھنٹوں کے اندر مطلوبہ رقم پارٹی فنڈ میں جمع کروا دیں گے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تنظیمی اور سیاسی سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھنا ہے۔
