اسلام آباد سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ انتخابی شیڈول کے تحت امیدوار 15 دسمبر تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ 23 دسمبر کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات کی اسکروٹنی 30 دسمبر کو ہوگی، جس کے بعد اپیلوں پر فیصلے 10 جنوری تک سنائے جائیں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 11 جنوری کو شیئر کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 12 جنوری مقرر کی گئی ہے۔ اس کے اگلے روز 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
انتخابی مرحلے کا سب سے اہم دن 24 جنوری ہوگا جب گلگت بلتستان بھر میں پولنگ ہوگی اور عوام آئندہ حکومت کے انتخاب کے لیے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی کل 33 نشستیں ہیں، جن میں 24 عام نشستیں، 6 مخصوص نشستیں خواتین اور 3 نشستیں ٹیکنوکریٹس کے لیے مختص ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پورے انتخابی عمل کو شفاف، منظم اور پُرامن ماحول میں مکمل کرنے کے لیے انتظامات حتمی مراحل میں ہیں۔
