وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں ترکمانستان کے صدر سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر تجارتی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران ،اسرائیل جنگ کے دوران پاکستانی شہریوں کو ایران سے بحفاظت نکالنے میں تعاون پر ترکمانستان کے صدر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ترکمانستان کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کو خطے میں اپنی رسائی بڑھانے کے لیے باآسانی استعمال کر سکتا ہے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون مزید بہتر ہوگا۔
وزیراعظم نے ترکمانستان کے صدر کو آئندہ برس سرکاری دورہ پاکستان کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔
ترکمانستان کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ اشک آباد اور امن و اعتماد کے بین الاقوامی فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے
