ڈنگہ (احتشام اللہ اسلم) کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ علماء و مشائخ کانفرنس میں امن ایوارڈ یافتہ اسکالر اور امن کمیٹی ضلع گجرات کے سینئر رکن، علامہ مولانا قاضی کفایت اللہ نے ضلع بھر کے علماء کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔
کانفرنس میں ملک کی اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت نے علماء سے اہم گفتگو کی، جبکہ علامہ قاضی کفایت اللہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے بھی خصوصی ملاقات کی۔
سوال و جواب کی نشست کے دوران، علامہ قاضی کفایت اللہ نے عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص پر اطمینان کا اظہار کیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرأت مندانہ قیادت کو سراہا۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کو اتحاد، یکجہتی اور امن کے فروغ پر مبارکباد بھی پیش کی۔
کانفرنس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران کے علاوہ ملک کے نامور علماء کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
آخر میں، علامہ قاضی کفایت اللہ نے جید علمائے کرام مولانا فضل الرحیم، مولانا طاہر محمود اشرفی، پیر نقیب الرحمن نقیبی، پیر حامد سعید کاظمی، مولانا راغب حسین نعیمی، مفتی محمد حنیف قریشی، مفتی طارق مسعود، پیر حسان حسیب الرحمن، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، خرم نواز گنڈاپور اور دیگر اکابرین سے خصوصی ملاقات بھی کی۔
