ریاض :انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کے تحت یومِ سندھی کلچرل کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

سعودی عرب (ادریس احمد سے )انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کے زیرِ اہتمام یومِ سندھی کلچرل کے موقع پر ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارتی افسران، کمیونٹی ارکان، فیملیز اور ثقافت سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں سندھ کے تاریخی ورثے، روایات اور ثقافتی رنگوں کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا گیا،تقریب میں معروف سندھی گلوکارہ دیبا سحر اور فنکار علی گل ملاح نے شاندار پرفارمنس پیش کی، جنہیں شرکاء کی بھرپور داد حاصل ہوئی، جبکہ مقبول گلوکار نعیم سندھی نے اپنے گانوں سے محفل کو چار چاند لگا دیے،تقریب کے دوران سندھ کی ثقافت، روایات اور کمیونٹی کے اتحاد کی اہمیت پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ سفارت خانہ پاکستان کے افسران، جن میں شفیق احمد اور حمزہ شامل تھے، نے بھی خصوصی شرکت کی۔ شفیق احمد نے کہا کہ بیرونِ ملک ایسی تقریبات ہمارے نوجوانوں کو اپنی شناخت اور ورثے سے جوڑے رکھتی ہیں۔ اس طرح کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے،فورم کے صدر غلام قادر ملاح نے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کا مقصد پاکستان کی ثقافتی پہچان کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے، اور نئی نسل کو اپنی زبان، لوک ورثے اور اقدار سے روشناس رکھنا ہماری ترجیح ہے،معروف کمیونٹی رہنما ذیشان قاضی نے کہا کہ سندھی کلچرل ڈے محبت، امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ ایسی تقریبات کمیونٹی کو مزید مضبوط بناتی ہیں،تقریب کے اختتام پر فورم کی انتظامیہ اور عہدیداران غلام قادر ملاح، ذیشان قاضی، حفیظ شیخ، زاہد میاں بھٹو، عاشق سموں اور ڈاکٹر نور جتوئی نے تمام مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی ثقافتی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔

Exit mobile version