جہلم؛ بارانِ رحمت کے لیے من حیث القوم توبہ و استغفار کی اشد ضرورت ہے: حافظ عبد الحمید عامر


لوگوں کی بداعمالیاں باران رحمت کی بندش کا سبب ہیں۔شیخ الحدیث سیف اللہ اثری


جہلم (محمد زاہد خورشید) بارانِ رحمت کے لیے من حیث القوم توبہ و استغفار کی اشد ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے جوبلی گھاٹ جہلم برلب دریامیں نماز استسقاء کی ادائیگی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اس موسم سرما میں ابھی تک بارش نہ ہونے کی وجہ سے مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں اور سموگ کی وجہ سے بھی کافی مشکلات کا سامنا ہے، لہٰذا اجتماعی طور پر اپنے گناہوں کی معافی رحمت الٰہی کے دروازے کھول سکتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے بے پناہ محبت کرتا ہے، لہٰذا ہمیں ایسے وقت میں اپنے گناہوں کا اعتراف کرکے دل کھول کر معافی مانگنا ہوگی اور اللہ تعالیٰ توبہ و استغفار کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔جامعہ علوم اثریہ کے شیخ الحدیث مولانا سیف اللہ اثری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت تو غفور و رحیم ذات ہے، وہ بندوں پر ظلم نہیں کرتا، مگر جب زمین پر فساد بڑھتا ہے اور لوگوں کی بداعمالیاں بڑھ جاتی ہے تو اللہ تعالیٰ کی ناراضگی قوم پر اترتی ہے اور ان پر بارشوں کا سلسلہ رک جانا بھی ایک طرح رب تعالیٰ کی ناراضگی ہے۔

Exit mobile version