پنجاب میں ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد معطل، پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی نے پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا

پنجاب میں ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد معطل ہونے کے بعد پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی نے صوبے بھر میں جاری پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ رات گئے شروع ہونے والی یہ ہڑتال دوپہر تک جاری رہی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد ریلوے اسٹیشنوں کا رخ کرتی رہی اور مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔

دوسری جانب صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کمیٹی کے چیئرمین عصمت اللہ نیازی اور دیگر نمائندوں جن میں تنویر خان، نبیل محمود اور ملک ندیم حسین شامل تھے، سے تفصیلی مذاکرات کیے۔ مذاکرات کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ نے یقین دلایا کہ فی الحال ٹریفک آرڈیننس کو منسوخ کیا جا رہا ہے، جرمانے نہیں ہوں گے اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

کمیٹی کے چیئرمین عصمت اللہ نیازی نے حکومتی یقین دہانی کے بعد اعلان کیا کہ ہڑتال معطل کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمرشل گاڑیوں کے چالان نہیں ہوں گے اور نہ ہی گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا جائے گا۔ تاہم پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے صدر شیر علی چوہدری نے مطالبہ کیا کہ ٹریفک آرڈیننس کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، بصورت دیگر ہڑتال دوبارہ شروع کی جا سکتی ہے۔

Exit mobile version