اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دشمن کا آلہ کار قرار دے دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے گزشتہ روز ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کو شکست دی گئی، 10 مئی کو بھارت کو ہرایا گیا، اور بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے کہ ملک دیوالیہ ہو جائے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے مبینہ ڈاکے کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، اور ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا خوف دشمن پر طاری ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ریاست کے ساتھ ہے یا متنازع قیادت کے ساتھ، کیونکہ موجودہ حالات میں پاکستان انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ٹوئٹ دیکھ لیں کہ وہ کس کے خلاف بیانیہ بنا رہے ہیں، اور وہ جیل برداشت نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف مذموم مہم کسی بھی پاکستانی کے لیے ناقابل برداشت ہے۔
