جون 7, 2026

آل انڈیا ترنمول کانگریس کے معطل ایم ایل اے ہمایوں کبیر نے ایودھیا میں بابری مسجد کی شہادت کی 33 ویں برسی پر نئی بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا

بھارتی ریاست مغربی بنگال کی حکمران جماعت آل انڈیا ترنمول کانگریس کے معطل ایم ایل اے ہمایوں کبیر نے ایودھیا میں بابری مسجد کی شہادت کی 33 ویں برسی پر نئی بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد میں سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں کئی لوگوں نے اینٹیں اٹھا کر لائی اور بابری مسجد کے سنگ بنیاد رکھنے میں حصہ ڈالا۔

اس موقع پر ہمایوں کبیر نے کہا کہ وہ مسجد کی تعمیر کے لیے حکومت سے فنڈ نہیں لیں گے۔ ایک ڈونر نے 80 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی ہے، اس لیے فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ ہمایوں کبیر نے الگ پارٹی بنانے کا بھی اعلان کرتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں مسلمان ایم ایل اے منتخب کریں۔

خیال رہے کہ ترنمول کانگریس کی جانب سے ایم ایل اے ہمایوں کبیر کو بابری مسجد بنانے کے اعلان پر دو روز قبل معطل کر دیا گیا تھا۔ انہیں معطل کرنے کا اعلان کولکتہ کے میئر اور ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما فرہاد حکیم نے کیا۔ فرہاد حکیم نے کہا کہ انہیں اچانک بابری مسجد کی کیوں یاد آئی اور اس معاملے پر آنے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں بی جے پی کو فائدہ ہوگا۔