انڈونیشیا کے صدر پرابوو سو بیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور انڈونیشیا کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر صدر پرابوو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔
انڈونیشین صدر اپنے دورے میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے جبکہ ان کی ملاقات صدر آصف علی زرداری اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی طے ہے۔
دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیات، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں، جس سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہونے کی امید ہے۔





