پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال، ٹریفک آرڈیننس 2025 کے خلاف احتجاج کا اعلان

پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹرانسپورٹرز نے آج پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹریفک آرڈیننس 2025 کو فوری واپس لیا جائے۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ یہ آرڈیننس نہ صرف منظور شدہ نہیں بلکہ اس کے تحت بھاری جرمانے وصول کیے جا رہے ہیں جو ان کے مطابق غیر منصفانہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک آرڈیننس واپس نہیں لیا جاتا، پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند رہے گی اور گڈز ٹرانسپورٹ، منی مزدا، لوڈرز اور رکشے بھی ہڑتال میں شامل ہوں گے۔ انٹرا سٹی، بین الاضلاعی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہو گی۔

ٹرانسپورٹرز اور پنجاب حکومت کے درمیان پہلے دورِ مذاکرات ناکام رہے، جبکہ دوسرا دور آج دوپہر دو بجے ہونے والا ہے۔

دوسری جانب، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہڑتال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں قانون کی پابندی کو ترجیح دی جاتی ہے، ہڑتالوں کو نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ حادثات کا سبب بن سکتی ہے اور اسکول کے بچوں کی حفاظت پر کسی قسم کی سمجھوتہ یا بلیک میلنگ قابل قبول نہیں۔

Exit mobile version