منڈی بہاءالدین: اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی، پٹواری محمد آصف رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

منڈی بہاء الدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کے احکامات اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گوجرانوالہ ریجن گوجرانوالہ کی ہدایت پر سرکل آفیسر اینٹی کرپشن کی کرپشن کے خلاف کامیاب کاروائی، حلقہ پٹواری پانڈووال محمد آصف رنگے ہاتھوں رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار، تفصیلات کے مطابق درخواست گزار خرم شہزاد ولد ظفر اقبال قوم رانجھا سکنہ پانڈووال تحصیل و ضلع منڈی بہاءالدین نے اینٹی کرپشن میں درخواست دی کہ میں کاشتکاری کرتا ہوں، ڈپٹی کمشنر منڈی بہاءالدین کوزمین واگزاری کی درخواست دی کہ دیہہ کے چند لوگوں نے ہماری زمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔ جس پر درخواست حسب ضابطہ پٹواری محمد آصف اور گرداور محمد اعظم کے پاس گئی، جنہوں نے 17 مرلہ زمین واگزاری میں 50 ہزار روپے ہرجانہ فصل لئے اور 30 ہزار روپے بطور رشوت وصول کئے اور اب دوبارہ میری درخواست پر 47 مرلہ جگہ واگزار کروانے کیلئے پٹواری محمد آصف، گرداور محمد اعظم حلقہ پانڈووال ایک لاکھ 25 ہزار روپے ہرجانہ اور 50 ہزار روپے رقم رشوت میں بات طے پاگئی ہے۔ جس پر سرکل انچارج عمران الحق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کاروائی کر کے پٹواری محمد آصف کو نشان زدہ نوٹوں سمیت گرفتار کر کے ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا۔ اس موقع پر سرکل آفیسر اینٹی کرپشن مرزا عمران الحق کا کہنا تھا کہ حکومتی ہدایت کے مطابق کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے۔ سرکل افیسر اینٹی کرپشن نے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن اس کیس کی بھرپور پیروی کر کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائے گا۔ شہریوں کی کثیر تعداد نے کرپٹ عناصر کے خلاف کاروائیوں پر اینٹی کرپشن افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن کی کاروائیوں سے کرپشن میں کمی واقع ہوگی۔

Exit mobile version