پاکستان نہیں تو ہم نہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف کا شہداء اور مہاجروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "پاکستان نہیں تو ہم نہیں” وہ نعرہ ہے جو آج دہشت گردی اور بھارت کے خلاف دفاعِ وطن کی جنگ میں شہیدوں اور غازیوں کی زبان پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حوصلے اور قربانیاں اُن لوگوں تک بھی پہنچنی چاہئیں جو "خان نہیں تو پاکستان نہیں” جیسے جذباتی نعروں پر یقین رکھتے ہیں، کیونکہ اس ملک کی بنیاد آگ اور خون کے دریا عبور کرکے رکھی گئی، جہاں لاکھوں جانیں قربان ہوئیں، بے شمار خاندان برباد ہوئے اور ہزاروں لوگ دشمن کے ہاتھوں اغوا ہوئے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیالکوٹ کی سرزمین آج بھی جموں و کشمیر سے ہجرت کرنے والے مہاجروں کی داستانیں سناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حامد میر جیسے لوگ جانتے ہیں کہ ان کے خاندانوں نے اس ہجرت کی کیا قیمت چکائی۔ سیالکوٹ کے محلوں، گلیوں اور چناب کے کنارے آباد مہاجر آج بھی اس جدوجہد کے گواہ ہیں کہ کس طرح انہوں نے رسولِ اکرم ﷺ کی سنت ادا کرتے ہوئے خون کی لکیر عبور کی اور پاک سرزمین پر سجدہ ریز ہوئے۔
وزیرِ دفاع نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ "پاکستان نہیں تو ہم نہیں” محض نعرہ نہیں بلکہ ہمارے شہداء، غازیوں اور افواجِ پاکستان کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد۔

Exit mobile version