کھاریاں ( طاہر اقبال ) بلدیہ کھاریاں نے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ شہر میں صفائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے شہری صبح 6 بجے سے 8 بجے تک کچرا مقررہ کچرا پوائنٹس پر ہی پھینکیں۔ بلدیہ کے مطابق ان دو گھنٹوں کے دوران خاکروب تمام علاقوں میں موجود ہوں گے اور کچرا اٹھانے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
بلدیہ حکام کا کہنا ہے کہ اس مخصوص وقت کے علاوہ جابجا کچرا پھینکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ عوام صفائی کے عمل میں تعاون کریں تاکہ شہر کا ماحول صاف ستھرا رکھا جاسکے۔
حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کچرا اٹھانے میں تاخیر ہو یا صفائی کا معیار کم ہو، تو شہری براہ راست بلدیہ کھاریاں کے دفتر میں اپنی شکایات درج کرواسکتے ہیں۔
مزیدبرآں، بلدیہ کھاریاں نے شہر میں داخلے اور اخراج کے تمام راستے کشادہ کر دیے ہیں، جس سے شہریوں کی آمد و رفت میں بہتری آئی ہے۔ عوام نے پنجاب حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
