سیاست ضرور کریں، احتجاج بھی کریں، مگر پاکستان کی سرزمین، اس کی غیرت اور اہمیت کو للکارنا برداشت نہیں کیا جا سکتا: خواجہ آصف

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بھارت سے جنگ کے دوران بھی غیر ذمہ دارانہ اور غلط زبان استعمال کرتے رہے، ان کا رویہ اور طرزِ عمل پاکستان دشمنی کی نشانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے انتہائی محتاط زبان استعمال کی مگر مجھے آزادی ہے کہ میں ان کی ہر "اینٹ کا جواب پتھر” سے دے سکتا ہوں۔ اگر مسلسل اشتعال انگیزی کی جائے گی تو جواب بھی اسی لہجے میں دیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی بہن غیر سیاسی ہیں، انہوں نے بھارتی میڈیا پر جو گفتگو کی وہ کسی محب وطن پاکستانی کے شایانِ شان نہیں۔ کیا اس مٹی کے ساتھ ان کا کوئی رشتہ نہیں؟

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت سے جنگ کے دوران پوری قوم، ہمارے دوست اور بھائی ہمارے ساتھ کھڑے تھے، مگر ایک سیاسی جماعت نے وہ کردار ادا نہیں کیا۔ بانی پی ٹی آئی نہ اس وقت خاموش رہے، نہ زبان کو قابو میں رکھا، بلکہ جنگ کے دوران بھی فوجی قیادت کو نشانہ بناتے رہے۔ جن کی زبان سے شہید بھی محفوظ نہ ہوں، وہ کیسے پاکستانی کہلانے کے حق دار ہیں؟

انہوں نے کہا کہ سیاست ضرور کریں، احتجاج بھی کریں، مگر پاکستان کی سرزمین، اس کی غیرت اور اہمیت کو للکارنا برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی میں ہم نے بھی فوج پر تنقید کی، لیکن کبھی دہشتگردوں کی حمایت، طالبان کی وکالت یا بھتہ خوری کا دفاع نہیں کیا۔ اپنے شہیدوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔

Exit mobile version