قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں کراچی بلیوز نے دفاعی چیمپئن سیالکوٹ کو 218 رنز سے شکست دے کر پاکستان کا پریمیئر فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ، قائداعظم ٹرافی، جیت لیا۔
کراچی نے سیالکوٹ کو 533 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں سیالکوٹ کی پوری ٹیم 314 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کھیل کے آخری روز سیالکوٹ نے 12 رنز بغیر کسی نقصان کے اننگز کا آغاز کیا، مگر پوری ٹیم مقررہ رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سیالکوٹ کی جانب سے افضل منظور نے 63، عبداللہ شفیق نے 59 اور حمزہ نذر نے 56 رنز بنائے۔ کراچی کے ثاقب خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کراچی بلیوز نے 10 ویں مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا، جبکہ مجموعی طور پر کراچی نے یہ ٹائٹل 22 ویں بار اپنے نام کیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیز تقسیم کیں۔
عبداللہ فضل کو پلیئر آف دی میچ، سعد بیگ کو بہترین وکٹ کیپر، بہترین بیٹر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا، جبکہ ملتان کے علی عثمان بولر آف دی ٹورنامنٹ منتخب ہوئے۔
فائنل جیتنے والی کراچی بلیوز کو 75 لاکھ روپے کی انعامی رقم اور ٹرافی دی گئی، جبکہ ہارنے والی سیالکوٹ ٹیم کو 40 لاکھ روپے دیے گئے۔
