اسلام آباد: وزارت دفاع نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
گزشتہ روز صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیر اعظم کی سفارش پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے بعد اب وزارت دفاع نے بھی سرکاری طور پر ان کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی منظوری جاری کر دی ہے۔ اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مدتِ تقرری 5 سال کیلئے مقرر کی گئی ہے۔
وزارت دفاع نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بطور سربراہ پاک فضائیہ مدتِ ملازمت میں 2 سال کی توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ صدر مملکت پہلے ہی ان کی توسیع کی منظوری دے چکے تھے۔ اعلامیے کے مطابق ائیرچیف کی توسیع شدہ مدتِ ملازمت 19 مارچ 2026 سے شروع ہوگی
