پاکستان نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی برطانیہ سے حوالگی کی باضابطہ درخواست کر دی

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کی باضابطہ درخواست دے دی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے سرکاری دستاویزات برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کیے اور مؤقف اختیار کیا کہ دونوں افراد پاکستان میں مقدمات میں مطلوب ہیں، جنہیں فوری طور پر حکومت پاکستان کے سپرد کیا جائے۔

محسن نقوی نے برطانیہ کو ان پاکستانی شہریوں کے خلاف بھی ٹھوس شواہد فراہم کیے جو بیرونِ ملک بیٹھ کر مسلسل پراپیگنڈا اور گمراہ کن معلومات پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار پر کامل یقین رکھتی ہے، تاہم فیک نیوز ہر ملک کے لیے سنگین مسئلہ ہے جس کا تدارک ضروری ہے۔

Exit mobile version