جنوبی افریقا نے 359 رنز کا ہدف پورا کرکے بھارت کو شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر

رائے پور میں کھیلے گئے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کا 359 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں سے حاصل کر لیا، یوں سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 358 رنز بنائے۔
رتوراج گائیکواڈ نے 105 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی جبکہ ویرات کوہلی نے 102 رنز بناکر ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچایا۔ کپتان کے ایل راہول نے 66 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے ایڈن مارکرم کی 110 رنز کی لاجواب سنچری، بریٹزکی کی 68 اور بریویس کی 54 رنز کی اننگز کی بدولت مقابلہ اپنے نام کیا۔
کپتان تیمبا باووما نے بھی 46 رنز کے ساتھ ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کیا۔

میچ کے آخری لمحات میں کاربن بوش نے 15 گیندوں پر 29 رنز کی برق رفتار اور ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر جنوبی افریقا کی جیت یقینی بنائی۔

یہ بھارت کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں مشترکہ طور پر سب سے بڑا ہدف ہے۔ اس سے قبل 2019 میں آسٹریلیا نے موہالی میں بھارت کے خلاف یہی ہدف 359 رنز حاصل کیا تھا۔

سیریز 1-1 سے برابر ہوچکی ہے جبکہ فیصلہ کن تیسرا میچ ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔

Exit mobile version