جون 2, 2026

پیوٹن سے امریکی ایلچیوں کی ملاقات مفید رہی، روس یوکرین جنگ ختم کرنا چاہتا ہے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر کی ملاقات مثبت رہی۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کا حتمی نتیجہ کیا نکلے گا، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ صدر پیوٹن یوکرین کے ساتھ جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر وہ پہلے دن سے صدر ہوتے تو روس یوکرین جنگ کبھی شروع نہ ہوتی اور یوکرین اپنا 100 فیصد علاقہ برقرار رکھتا۔

ذرائع کے مطابق روس یوکرین امن مذاکرات کے لیے صدر ٹرمپ کے معاونین آج میامی میں یوکرینی مذاکرات کاروں سے اہم ملاقات کریں گے۔

گزشتہ روز امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے ماسکو میں صدر پیوٹن سے تقریباً 5 گھنٹے طویل ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے بعد روسی صدر کے مشیرِ خارجہ یوری اوشاکوف نے کہا کہ امریکی حکام سے حالیہ مذاکرات میں کچھ نکات پر اتفاق ہوا ہے جبکہ کچھ پر بات چیت جاری ہے، تاہم مجموعی طور پر مذاکرات کا ماحول مثبت رہا۔

اوشاکوف کے مطابق روس اور امریکا کے درمیان علاقائی معاملات پر ابھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا اور نہ ہی دونوں ممالک کے صدور کی ملاقات طے ہوئی ہے۔