جون 2, 2026

امریکا: پاکستانی نژاد نوجوان لقمان خان غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور حملے کی منصوبہ بندی پر گرفتار

امریکی ریاست ڈیلاویئر میں پاکستانی نژاد امریکی نوجوان لقمان خان کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور مبینہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق 25 سالہ لقمان خان کی گرفتاری 24 نومبر کی رات اُس وقت عمل میں آئی جب پولیس نے کینبی پارک ویسٹ کے قریب ایک ٹرک کو روکا جس میں وہ موجود تھا۔

پولیس کے مطابق لقمان خان نے گاڑی سے باہر نکلنے کے احکامات پر عمل نہ کیا اور مزاحمت کی، جس پر اسے حراست میں لیا گیا۔ تلاشی کے دوران ٹرک سے پستول، اسلحہ کے میگزین اور مبینہ حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق دستاویز برآمد ہوئی۔

امریکی پولیس کے مطابق برآمد شدہ دستاویزات میں یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کے پولیس اسٹیشن کا نقشہ، داخلی و خارجی راستوں کی نشاندہی اور ایک پولیس افسر کا نام بھی شامل تھا، جو منصوبہ بندی کا حصہ بتایا گیا ہے۔

ایف بی آئی نے ملزم کی گرفتاری کے اگلے روز یعنی 25 نومبر کو اس کے گھر پر چھاپہ مار کر مزید جدید اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا۔
امریکی حکام نے تصدیق کی کہ لقمان خان پاکستانی نژاد امریکی شہری اور یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کا طالب علم ہے، اور اس نے مبینہ طور پر اسی یونیورسٹی کے پولیس ڈپارٹمنٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

گرفتاری کے بعد ملزم پر غیر قانونی مشین گن رکھنے اور حملے کی منصوبہ بندی کے الزامات عائد کر دیے گئے ہیں۔ ملزم کو 11 دسمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
امریکی حکام کے مطابق لقمان خان کا ماضی میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں۔