تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغان جنگ کے براہِ راست اثرات نے خیبر پختونخوا کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔ پشاور میں اپوزیشن رہنماؤں کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کی شرح اور صنعتوں کا ڈھانچہ جنگ کے باعث ختم ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں جس ادارے کا جو کردار ہے، وہ اسی دائرے تک محدود رہنا چاہیے۔
پریس کانفرنس میں موجود تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کرنے والوں کو وفاق اور وفاقی حکومت کے اصل مفہوم کا علم ہی نہیں۔ ان کے مطابق جن لوگوں کے ہاتھ میں این ایف سی ایوارڈ جیسے بڑے فیصلے ہیں، وہ وفاقی ڈھانچے کی بنیادی سمجھ بھی نہیں رکھتے۔
پی ٹی آئی رہنما محمد زبیر نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک خود اعتراف کر رہے تھے کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان اپنی معاشی پالیسیاں بنیادی سطح پر تبدیل کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم اپوزیشن کی بات نہیں سنتے تو کم از کم اپنے معاشی ماہرین کی آواز ضرور سنیں





