جون 2, 2026

المدثر سپیشل کمپلیکس کھاریاں میں معذور بچوں کا عالمی دن جوش و جذبے سے منایا گیا

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) المدثر سپیشل کمپلیکس کھاریاں میں 3 دسمبر، معذور بچوں کا عالمی دن جوش و جذبے سے منایا گیا۔ المدثر ٹرسٹ باہروال کھاریاں میں منعقدہ تقریب میں بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیاں، تفریحی پروگرام اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا مقصد معذور بچوں کے حقوق، احترام اور باوقار زندگی کے لیے سہولیات کو اُجاگر کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکنِ قومی اسمبلی چوہدری مُحمد الیاس نے کہا کہ معذور بچے ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی تعلیم، صحت اور بہتر مستقبل کے لیے حکومتی توجہ ناگزیر ہےانہوں نے کہا کہ ایسے خصوصی بچوں کی صلاحیتیں کسی سے کم نہیں—ضرورت صرف حوصلہ افزائی اور مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ ڈی سی گجرات نورالعین قریشی نے کہا کہ المدثر سپیشل کمپلیکس ہمارے ضلع کا فخر ہے۔ چئیرمین سیّد مدثر حسین شاہ کی خِدمات بے مثال ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کمپلیکس کے مسائل حل کرنے کیلئے معاونت کر رہی ہے۔ جاری منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کردار ادا کیا جائے گا۔ خصوصی افراد کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے پنجاب حکومت گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ چئیرمین سیّد مدثر حسین شاہ نے کہا کہ پروگرام کی میزبانی کرنے پر ڈی سی گجرات، ڈی پی او گجرات، اے سی کھاریاں، ڈی ایس پی کھاریاں اور پوری ضلعی انتظامیہ کا بے حد مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر خصوصی بچوں کو بالکل مُفت تعلیم دی جارہی ہے۔ اوورسیز پاکستانی اور مخیر حضرات کا تعاون شامل حال ہے۔ ادارہ میں مزید بہتری لانے کیلئے تعاون کی ضرورت ہے۔ پروگرام میں اے سی کھاریاں احمد شیر گوندل، ڈی ایس پی کھاریاں شاہد گُجر، والدین، اوورسیز پاکستانی، معززین علاقہ اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جن سے حاضرین لطف اندوز ہوئے اور دِل کھول کر داد دی۔