سعودی عرب (ادریس احمد سے)سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اور وزارتِ میڈیا کے زیرِ اہتمام ریاض میں جاری ریاض سیزن کے تحت عالمی ہم آہنگی (Global Harmony) کے عنوان سے السویدی پارک میں منعقدہ پاکستانی ویک اختتام پزیر ہوگیا۔ اس ویک میں پاکستان کے ثقافتی رنگوں سمیت پاکستانی کلچر کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے لیے مختلف قسم کے ثقافتی اسٹالز، دستکاری کی نمائش، پاکستانی پکوان اور دیگر اسٹالز لگائے گئے تھے۔ ڈھول، بھنگڑا اور روایتی تقریبات کی جھلک بھی اس ثقافتی ویک کا حصہ تھی،پاکستانی ویک میں پاکستان کے نامور گلوکاروں ابرارالحق، ستارہ یونس، سلیم رفیق سمیت دیگر نے شاندار پرفارمنس پیش کی، جبکہ پاکستان سے دیگر معروف سلیبرٹیز کو بھی اس ویک میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ ویک کی کمپیئرنگ سلمان قریشی نے کی،اس موقع پر سفیرِ پاکستان نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے اس ایونٹ کو بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاض سیزن میں پاکستانی ویک کے انعقاد پر سعودی حکومت، وزارتِ میڈیا اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے شکر گزار ہیں۔ بلاشبہ اس ویک میں نہ صرف پاکستانی کلچر کی بھرپور نمائندگی کی گئی ہے بلکہ دیگر کمیونٹیز کے افراد بھی پاکستانی ثقافت سے ہم آہنگ ہوئے ہیں۔ یہ اقدام پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات اور ثقافتی ہم آہنگی کا بہترین ذریعہ ہے
ریاض سیزن : السویدی پارک میں جاری پاکستانی ویک بھرپور کامیابی کے ساتھ اختتام پزیر
