اکتوبر 29, 2026

کھاریاں سرکل پولیس کی منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ برداروں کے خلاف بڑی کارروائیاں ، 5 ملزمان گرفتار، لاکھوں مالیت کی منشیات و اسلحہ برآمد

کھاریاں ( قاری نصیر احمد کلیار ) کھاریاں پولیس سرکل کی منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ برداروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف کارروائیوں میں 5 ملزمان گرفتار جبکہ لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن، ایک کلو سے زائد چرس، شراب اور پسٹل 30 بور برآمد کر لیا گیا۔

ڈی ایس پی کھاریاں سرکل شاہد محمود کی زیر نگرانی، ایس ایچ او تھانہ گلیانہ سب انسپکٹر مبشر نواز نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سابقہ ریکارڈ یافتہ منشیات فروش زاہد عباس ولد محمد خان قوم جٹ سکنہ ڈھل ککہ کو گرفتار کیا، جس کے قبضہ سے 1260 گرام چرس برآمد ہوئی۔

مزید کارروائی میں، ملزمان وسیم رضا ولد جگندر مسیح اور امریز مسیح سکنہ فادر کالونی سے 60 لیٹر شراب برآمد کی گئی، جبکہ ملزم شعیب اعظم کے قبضہ سے پسٹل 30 بور بھی ضبط کیا گیا۔

اسی سلسلے میں، ایس ایچ او تھانہ ککرالی سب انسپکٹر طاہر زمان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ منشیات فروش صابر حسین ولد نادر حسین قوم جٹ سکنہ ہنج کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضہ سے 1120 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

پولیس نے پانچوں گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔