اکتوبر 29, 2026

وفاقی حکومت نے تمام برآمدی اشیاء پر ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج ختم کر دیا

وفاقی حکومت نے تمام برآمدی اشیاء پر ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج ختم کر دیا ہے۔ اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے۔

FBR نے تمام بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ برآمدی اشیاء پر ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج وصول نہ کریں۔ اسٹیٹ بینک نے بھی تمام بینکوں کے سربراہان اور فارن ایکسچینج ڈیلرز کو اس سلسلے میں مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں ہدایت کی تھی کہ برآمدات پر نافذ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج فوری طور پر ختم کیا جائے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا پچھلے پانچ سال کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے اور موجودہ رقم کے بہترین استعمال کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے موزوں چیئرمین منتخب کیا جائے۔

وزیراعظم نے تاکید کی کہ یہ رقم ملکی برآمدات میں اضافہ، برآمدی سیکٹر کی افرادی قوت کی تربیت اور عالمی معیار کی سہولتوں کے قیام کے لیے استعمال کی جائے۔