اکتوبر 30, 2026

معرکہ حق سے پہلے دنیا نے فضائی طاقت کا اتنا جرات مندانہ استعمال کبھی نہیں دیکھا: ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان ائیر فورس نے دشمن کو واضح شکست دی۔ پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 10 مئی کو دشمن کے جدید ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

ائیر چیف نے بتایا کہ 6 اور 7 مئی کی رات پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا، جس پر پاک فضائیہ نے فوری اور بھرپور ردعمل دیا۔ رافیل سمیت دشمن کے جدید لڑاکا طیاروں کو گرا دیا گیا اور سائبر وارفیئر میں برتری کا واضح مظاہرہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس ہے، دشمن کی ہر حرکت لمحوں میں مانیٹر کی جاتی ہے اور ہمارا ہر ایکشن مؤثر اور کیلکولیٹڈ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، رافیل کی صلاحیتیں پاک فضائیہ کے سامنے صفر ثابت ہوئیں۔

ائیر چیف مارشل نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بھی آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فضائیہ کی حکمت عملی اور برتری کو تسلیم کیا گیا ہے اور اس پر اسٹڈی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے قائدانہ کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن اگر کسی نے امن کی خواہش کو کمزوری سمجھ کر للکارا تو جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاک فضائیہ کا ہر افسر اور جوان ملک کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔