اکتوبر 31, 2026

پنجاب میں 16 سال کی عمر میں اسمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا اصولی فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ انہوں نے بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کسی بھی بچے کی عزتِ نفس مجروح نہ کی جائے۔

پنجاب میں 16 سال کی عمر میں اسمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا اصولی فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلی مرتبہ چالان نہیں بلکہ وارننگ جاری کی جائے گی۔

صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام خصوصاً طلبہ کے لیے ’’ہفتہ آگاہی‘‘ منایا جائے، جبکہ پہلی بار ٹریفک مانیٹرنگ کے لیے ڈرون کیمروں اور باڈی کیمز کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ٹریفک قوانین عوام کی حفاظت کے لیے بنائے جاتے ہیں، والدین بچوں میں ہیلمٹ پہننے اور روڈ سیفٹی کی عادت ڈالیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کو پکڑنا مقصد نہیں، مگر قانون کی پاسداری لازمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس عوام کی عزتِ نفس کا خاص خیال رکھے، بدتمیزی اور بداخلاقی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس سے قبل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے کم عمر ڈرائیورز کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کم عمر افراد کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پہلے آگاہی مہم چلائی جائے، پہلے وارننگ دی جائے اور غلطی دہرانے کی صورت میں کارروائی کی جائے۔